( سعدیہ خان ) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ نیب کی وجہ سے لوگ ملک چھوڑدیں گے، نیب لوگوں کو ذہنی مریض بنا رہا ہے، چیئرمین نیب سینٹ میں پیش نہ ہوئے تو انکے ورانٹ گرفتاری جاری ہونگے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جنرل سیکرٹری سونیا خان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والاکا کہنا تھاکہ سینٹ کے انتخابات کا وقت کوئی تبدیل نہیں کر سکتا، 11 مارچ کو سب ریٹائرڈ ہونگے تو سسٹم چلے گا، سیاسی جماعتیں سینٹ الیکشن کیلئے جو بھی طریقہ کار اختیار کرنا چاہیں کرسکتی ہیں۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ یہ سیاسی جماعتوں کی ناکامی ہے کہ وہ نیب قانون میں ترمیم نہیں لا سکے، سب ادارے بند کرکے نیب کو انکا سربراہ بنا دیں۔ نیب افسران کی جعلی ڈگریاں اور ڈومیسائل جعلی سوسائٹیز کے لوگوں کے حوالے سے متعدد شکایات موجود ہیں جو جلد ہی میڈیا کے سامنے رکھوں گا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کامزید کہنا تھا کہ استعفوں کی باتیں چل رہی ہیں، بے نظیر کی سیاست سے آج کا دور مختلف ہے۔ سیاسی جماعتوں کی مرضی ہے اگر وہ استعفے دینا چاہیں تو کوئی نہیں روک سکتا، دنیا میں استعفے اور عدم اعتماد ہوتا رہتا ہے۔