( سعید احد سعید ) وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے ریلوے مزدوروں کیلئے خوشخبری سنادی، کہتے ہیں مزدوروں کیلئے نئے گھر بنائیں گے، مزدور خوشحال ہوگا تو ریلوے بھی ترقی کرے گا، سگنلز کے فالٹ کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوتی ہیں، یہ مسئلہ حل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے ریلوے ورکشاپ کے دورے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کو جدت کیساتھ کمرشل انٹرپرائزز کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ مزدور چھوٹی بستیوں میں رہ رہے ہیں، ان کو نئے گھر بنا کر دیں گے، اس سلسلے میں پہلے لاہور، کراچی اور پنڈی میں مزدروں کیلئےگھر بنانے کا پلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین کو رہائش اور صحت کی سہولیات دیں گے تو یہ ادارہ اُٹھے گا۔ افسروں کو بتایا ہے کہ ریلوے میں وکٹوریہ سٹائل کو ختم کرنا ہے۔ وکٹوریہ نظام ہے جو اس ملک میں نہیں چل سکتا۔ جس دن ہم نے سیاست کی کمرشل ادارہ ڈوب جائے گا اور پھر تباہ حال ریلوے نظام کو نہیں اٹھا سکیں گے جبکہ ریلوے میں ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔
اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نو سال کام کیا، عمران خان کے ساتھ کام کرنا بہت آسان ہے جبکہ آج تک سرکاری مراعات استعمال نہیں کیں اور نا اپنی وزارت میں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ناکام ہو چکی ہے جو لوگ استعفی کی بات کرتے ہیں وہ سن لیں جتنی جلدی استعفی دیں گے ہم منظور کریں گے۔
وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے استعفوں سے ہمیں خوشی ہوگی، تاکہ الیکشن کروائیں اور ان کی جگہ ایماندار امیدواروں کو آگے لائیں، عوام بھی استعفوں کا انتظار کر رہے ہیں۔