باؤنس چیک کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج

20 Dec, 2019 | 11:35 AM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے باؤنس چیک کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی، ملزم کے فرار کی کوشش تفتیشی افسر نے ناکام بنادی۔

جسٹس محمد انوار الحق پنوں نے ملزم محمد شکیل کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کا مدعی سے لین دین کا معاملہ ہے، مدعی نے باؤنس چیک کا بے بنیاد مقدمہ درج کرایا ہے،ملزم بےقصور ہے۔

وکیل صفائی نے استدعا کی کہ اس کی ضمانت منظور کی جائے، مدعی مقدمہ اور سرکاری وکیل کی جانب سے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئےعدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ملزم نےغیر ملکی سے 90 ہزار ڈالر کا فراڈ کیا، رقم کے مطالبے پر چیک دیئے، ملزم پولیس کی ابتدائی تفتیش میں قصوروار ہے، استدعا ہے کہ درخواست ضمانت خارج کی جائے۔

عدالت نے دونوں فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت خارج کردی، ضمانت خارج ہوتے ہی ملزم نے فرار کی کوشش کی، جس پر ملزم کو مدعی مقدمہ نے دبوچ لیا، ملزم خود کو چھڑانے کی کوشش اور تھانیدار پر رشوت لینے کا الزم لگاتا رہا، اس دوران ملزم کو ایک پولیس افسر کا بیٹا بھی چھڑانے کی کوشش کرتا رہا، تاہم مدعی مقدمہ کے وکیل کی مدد سے تفتیشی افسر نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

مزیدخبریں