(حسن علی) پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے لاہور ایوان صنعت و تجارت کا دورہ کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات کا قونصل خانہ بہت جلد لاہور میں کام شروع کر دے گا جس سے کاروباری برادری کو بہت سہولت میسر آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ایوان صنعت و تجارت مین متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات مین لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر کواجہ شہزاد ناصر، سابق صدر طاہر جاوید ملک، امجد علی جاوا، اورنگزیب اسلم، نعیم حنیف، میاں زاہد جاوید، ادیب اقبال، سیکریٹری جنرل شاہد خلیل سمیت دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر لاہور ایوان صنعت و تجارت کے صدر الماس حیدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور تجارتی حجم ایک دوسرے کیساتھ بہت قریبی سفارتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے متحدہ عرب امارات کے حالیہ دورے کے دوران ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان اور عرب امارات کے مابین بہترین اقتصادی و تجارتی تعلقات ہیں، یو اے ای پاکستان کی درآمدات میں دوسرے اور برآمدات میں ساتویں نمبر پر ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان یو اے ای کو برآمدات بڑھانے کی شدید خواہش رکھتا ہے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ نے لاہور میں قونصل خانے کے قیام کے لیے این او سی جاری کردیا ہے، اس قدم سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای اور پاکستان نے تجارت مستحکم کرنے کے لیے معاہدے پر اتفاق کیا ہے، یو اے ای کی پندرہ ٹاپ کمپنیوں نے پاکستان کا دورہ کیا اور پاکستان ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے تاجر پاکستان کے توانائی، آئل اینڈ گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں اور تجارت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔
لاہور میں اور کیا کچھ ہو رہا ہے ؟ جاننے کیلئے لنک پر کلک کریں
https://www.youtube.com/channel/UCdTup4kK7Ze08KYp7ReiuMw