(شاہد ندیم سپرا): لیسکو نے ورلڈ بینک کے تعاون سے کروڑوں روپے کے اخراجات برداشت کرنے کے بعد ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی تھائی لینڈ کی ماسٹرز ڈگری ماننے سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو نے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی تھائی لینڈ کی ڈگری ماننے سے انکار کر دیا ۔ لیسکو نے پانچ سال قبل افسران کو ماسٹرز ڈگری کے لئے تھائی لینڈ بھجوایا تھا۔ ان افسران نے اے آئی ٹی تھائی لینڈ سے انجینئرنگ کی ڈگری مکمل کی۔ لیسکو نے ورلڈ بینک کے تعاون سے افسران پر چھ کروڑ روپے خرچ کیے، جن میں 45 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے انسٹی ٹیوٹ میں فیس ادا کی گئی۔ 20 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے افسران کو دیگر اخراجات کی مد میں ادا کیے گئے۔ دو ہفتے قبل ہونے والے کمپنی کے پروموشن بورڈ میں افسران کی ڈگری ماننے سے انکار کیا گیا، ان افسران کو بورڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ افسران نے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ کو درخواست دے دی ہے۔ درخواست کے بعد چند روز قبل ہونے والے پروموشن بورڈ پر مزید کارروائی روک دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل نے تھائی لینڈ کی ڈگری کو تسلیم کر رکھا ہے۔ اس بنیاد پر میپکو نے انجینئرنگ کونسل کی سفارش پر افسران کو اگلے گریڈ میں ترقی دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر رکھا ہے۔ تاہم لیسکو نے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے بعد ڈگری ماننے سے انکار کر دیا۔
مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں