ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت میچ کی  وکٹ کے متعلق آئی سی سی کا فیصلہ آ گیا

20 Aug, 2024 | 11:05 PM

سٹی42: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے  اپنے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  کے نیویارک اور ویسٹ انڈیز میں تروبا کی وکٹوں پر ہونے والے کچھ میچوں کے لئے وکٹ کو نا مناسب قرار دے دیا تاہم نیویارک کی وکٹ پر پاکستان بھارت میچ میں استعمال ہونے والی وکٹ کو آئی سی سی نے مناسب قرار دیا ہے۔

 آئی سی سی نےاس سال اپنا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ دو ملکوں  امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقد  کیا تھا۔ امریکہ میں نیویارک سٹی کی نساؤ کاؤنٹی میں ایک کرکٹ سٹیڈیم اس ورلڈ کپ کے لئے خاص طور سے تعمیر کیا گیا تھا جس میں چار ڈراپ اِن پچیں آسٹریلیا سے لا کر بچھائی گئی تھیں۔ ان پچوں پر ہونے والے تقریباً تمام میچوں میں گیند کے غیر متوقع اور غیر معمولی رویہ نے بیٹرز اور باؤلرز دونوں کو حیران و پریشان کئے رکھا تھا۔ ان وکٹوں کے غیر معمولی اور ناقابلِ پیشین گوئی رویہ سے متاثر ہونے والوں میں پاکستان بھی شامل تھا جسے انڈیا کے ساتھ میچ میں  اپنی بیٹنگ لائن غیر متوقع انداز سے 113 رنز پر ڈھیر ہوتے دیکھنے کا صدمہ ملا تھا۔ اس میچ میں بھارت کی ٹیم 119 رنز بنا پائی تھی اور پاکستان اس ٹارگٹ سے چند قدم دور تھا لیکن وکٹ نے ٹارگٹ کو ناقابلِ حصول بنا ڈالا تھا۔

اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تحقیق میں یہ تو مان لیا گیا کہ نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کی وکٹوں کا رویہ تسلی بخش (سیٹسفیکٹری) نہیں تھا۔ لیکن   ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں صرف پہلے 2 میچوں میں وکٹ کو نامناسب مانا گیا ہے اور پاکستان بھارت کے میچ میں وکٹ کو مناسب قرار دے دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کے شہر  تروبا میں برائن لارا اکیڈمی کی پچ جس پر  ورلڈ کپ کا ایک اپ سیٹ نتیجہ دینے والا سیمی فائنل کھیلا گیا تھا، اس وکٹ  کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیا ہے

نساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کے دو متنازعہ مانے گئے میچ

نیویارک میں 3 جون کو ہونے والے میچ میں سری لنکا کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 77 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور پھر 2 دن بعد اس سٹیڈیم کی وکٹ پر ہونے والے میچ میں آئرلینڈ کو بھارت نے 96 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔ 
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ بھی نیویارک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا ، جس میں بھارتی ٹیم پہلی بار 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی اور پاکستان کی ٹیم 7 وکٹیں گنوا کر  113 رنز بنا سکی تھی۔ آخری اوورز  میں پاکستان کی بیٹنگ لائن کو غیر متعقع نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں وکٹ کا کردار بنیادی تھا لیکن آئی سی سی کی جانب سے اس میچ کیلئے استعمال ہونے والی پچ کو 'اطمینان بخش' قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف افغانستان کی ٹیم 56 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی  اور افغانستان کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹروٹ نے کہا تھا یہ ایسی پچ نہیں ہے جس پر آپ سیمی فائنل کھیلنا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں