سٹی 42:وزیراعظم شہباز شریف سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کی لیڈنگ کمپنی میٹا کے وفد کی ملاقات ہوئی ۔وفد کی قیادت میٹا (Meta) کے نائب صدر برائے ایشیاء پیسیفک سائمن ملنر (Simon Milner)کر رہے تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے ۔ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ کیا جائے گا وزیراعظم کی متعلقہ حکام کو میٹا کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ۔
میٹا کے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ایشیاء پیسیفک میں اپنی سروسز کے بارے آگاہ کیا اور بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میٹا نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ریجن میں پہلا مقابلہ پاکستان میں منعقد کروایا۔دونوں اطراف کا پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں کی ترقی و ترویج کے حوالے سے مل کے کام کرنے کا اعادہ کیا گیا ۔
اس ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، تانیہ اودروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔