ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف  کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 

 وزیراعظم شہباز شریف  کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

کابینہ کو مبارک ثانی مقدمے کے حوالے  سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مبارک ثانی مقدمے کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 17 اگست 2024 کو ایک اضافی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ اس مقدمے کے حوالے سے قومی اسمبلی میں تفصیلی بحث ہوئی اور یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے حوالے کیا گیا ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی وفاقی حکومت کو یہ ہدایت دے گی کہ اس مقدمے کے واقعاتی اور قانونی پہلوؤں اور علمائے کرام کی رائے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے درخواست دائر کی جائے۔ اس حوالے سے وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حکومت کی جانب سے  سپریم کورٹ میں اضافی درخواست دائر کی گئی ۔

 وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق اٹارنی جنرل 22 اگست 2024 کو سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست کی سماعت میں پیش ہوں گے اور اپنی ٹیم کے ہمراہ علمائے کرام اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رائے کی روشنی میں دلائل دیں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری ، صنعت و تجارت اور پاکستان کی وزارت تجارت کے درمیان الیکٹرانک تجارت (ای- کامرس) کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی ۔

وفاقی کابینہ نے وز ارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی سفارش پر کمپنیز ایکٹ -2017 کے سیکشن 42 کی روشنی میں قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے تحت "پرائم منسٹر'ز اسکلز ڈویلپمنٹ کمپنی" کے قیام کی منظوری دے دی۔ مذکورہ بالا کمپنی کا قیام تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے لئے فنڈز اکٹھا کرنا ، فنڈ مینجمنٹ اور اس فنڈ کے تحت مختلف تربیتی پروگراموں کا نفاذ ہے۔ وزیر اعظم کی ہدایت کی روشنی میں قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے آپریشنل اور ریگولیٹری معاملات کو الگ کرنے کے حوالے سے اس کمپنی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے بعد پرائم منسٹر'ز اسکل ڈویلپمنٹ کمپنی تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے آپریشنل معاملات کو دیکھے گی جبکہ قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت ریگولیٹری امور کو دیکھے گا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے آپریشنز نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی. اس حوالے سے وزارت قومی صحت اور وزارت دفاع کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گےـ

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 12 اگست 2024 کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی-

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 15 اگست 2024 کو ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی-