ویب ڈیسک : بلبلِ پاکستان کا ٹائٹل حاصل کرنے والی معروف گلوکارہ نیّرہ نور کو مداحوں سے بچھڑے 2 برس بیت گئے ہیں۔
لیجنڈری گلوکارہ نیّرہ نور نے لاتعداد مشاعروں اور موسیقی کی محفلوں میں اپنی آواز سے شعروں کو زندگی بخشی۔
3 نومبر 1950 میں بھارتی ریاست آسام میں پیدا ہونے والی نیّرہ نور 50 کی دہائی کے آخر میں اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آئی تھیں، ان کا کرئیر 70 کی دہائی سے شروع ہوا اور سنہ 2022 تک جاری رہا۔
1968 میں انہوں نے ریڈیو پاکستان اور پھر 1971 میں پاکستان ٹیلی ویژن پر گانے گانا شروع کیے۔ انکا شمار ملک کی ٹاپ پلے بیک سنگرز میں ہوتا ہے، 1973 میں انہیں فلم گھرانہ میں بہترین پلے بیک سنگر کے لیے نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔
1977 میں فلم آئینہ میں اپنی گائیکی کی وجہ سے ان کی شہرت عروج پر پہنچ گئی تھی۔ انہوں نے اپنے دور میں فلم اور ٹی وی کے لیے ہر بڑے موسیقار کے ساتھ کام کیا۔
نیّرہ نور نے اپنے شاندار کریئر کے دوران کئی ایوارڈز اور تعریفیں سمیٹیں، ساتھ ہی سنہ 2005 میں انہیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔