راؤ دلشاد: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ تنقید برائے تنقید اور الزام برائے الزام کی سیاست سے نکل آئیں، اگر آپ کو خدمت کا موقع ملا ہے تو عوام کی خدمت کریں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ بھائی آپ لوگوں کو یقین کیوں نہیں ہو رہا سندھ میں پچھلے 16 سال سے حکومت آپ کی ہے مریم نواز کی نہیں۔مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈ سے پنجاب کے لوگوں کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا ہے، پنجاب میں مریم نواز کی حکومت ہے ظاہر ہے وہ یہاں ہی لوگوں کو ریلیف دے سکتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر سندھ میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی تو آج مریم نواز سندھ کے لوگوں کو بھی یہ ریلیف دیتی، وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا اس بات کا آپ کی لیڈرشپ کو بھی علم ہے۔
تنقید برائے تنقید اور الزام برائے الزام کی سیاست سے نکل آئیں، اگر آپ کو خدمت کا موقع ملا ہے تو عوام کی خدمت کریں۔ مریم نواز تو پنجاب کی خدمت کریں گی اس سے ان کو کوئی بھی نہیں روک سکتا۔7 ماہ سے تحریک انصاف مریم نواز کے ہر عوام دوست اقدام پر تنقید کر رہی ہے، اب پیپلز پارٹی بھی پنجاب کے عوام سے اس قدر تعصب کا مظاہرہ کرے گی یہ سوچا نہیں تھا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کی بی ٹیم کا رول کب سے ادا کرنے لگ گئی؟ مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ نے پہلے بھی پاکستان سے لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا۔انشاءاللہ اب بھی مسلم لیگ نون کی لیڈرشپ ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گی۔