ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں آکسفورڈ یونین کا صدر بننے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کاکڑ نے ملاقات کی، شہباز شریف نے اسرار خان کاکڑ کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پر تپاک استقبال کیا اور اسرار خان کاکڑ کو بیرونِ ملک پاکستان کا نام روشن کرنے پر سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرار کاکڑ جیسے باصلاحیت نوجوان ہی پاکستان کے پائیدار اور روشن مستقبل کے ضامن ہیں، آپ کا آکسفورڈ یونین کے صدر کا الیکشن لڑنا اور سرخرو ہونا آپ کی ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پر امید ہوں اسرار کاکڑ اور ان جیسے باصلاحیت پاکستانی نوجوان ایسے ہی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے، بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا انتھک محنت سے اپنے تمام تعلیمی مراحل میں وظائف حاصل کرنا اور بالآخر آکسفورڈ یونین جیسی اعلیٰ تنظیم کا صدر منتخب ہونا قابل فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں آچکا ہے جس کی بدولت غریب گھرانوں کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
اسرار خان کاکڑ نے وزیراعظم کو آکسفورڈ یونین میں خطاب کرنے کی دعوت دے دی۔
اسرار خان کاکڑ نے وزیر اعظم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پاکستان کے تمام نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر طرح کی خدمات کیلئے تیار ہیں۔