ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں کامیڈین عون علی کھوسہ کی بازیابی کیلئے درخواست پر سماعت ،عدالت نے درخواست واپس لینے کی بناء پر نمٹادی.
جسٹس طارق سلیم شیخ نے مغوی عون علی کھوسہ کی اہلیہ بینش کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر خدیجہ صدیق پیش ہوئیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ناصر چوہان اوراسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل فرخ خان لودھی پیش ہوئے۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عون علی کھوسہ گھر پہنچ چکے ہیں اور ہم درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عون علی کھوسہ ڈیجٹیل کنٹینٹ کری ایٹر ہیں۔ عون علی کھوسہ کو نامعلوم افراد نے گھر سے اغوا کیا۔ اب تک علم نہیں کہ وہ کہاں اور کس حالت میں ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عون علی کھوسہ کی بازیابی کا حکم دے۔
کامیڈین عون علی کھوسہ کی بازیابی کیلئے درخواست واپس لینے کی بنا پر نمٹادی گئی
20 Aug, 2024 | 11:52 AM