مائدہ وحید: کشمیر ، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار ، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
شہر لاہور کا موسم آج گرم مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ ماہرین کے مطابق شہر میں آج 50فیصد بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر کی فضا بدستور آلودہ ،ایئر کوالٹی انڈیکس 132ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ سید مراتب علی روڈ163،ٹھوکر نیاز بیگ میں آلودگی کی شرح 160ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع ابر آلود ہے، بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہے گا۔ موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب سے آنے والے بادلوں کے باعث گزشتہ رات اور صبح ہلکی بارش ہوئی، مزید بادل شہر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے جنوبی علاقوں میں مزید بوند اباندی یا ہلکی بارش متوقع ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح کے وقت درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں 20 کلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تونسہ، لیہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، قصور، لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، ڈیرہ اسماعیل خان اورخوشاب میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بالاکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، مہمند، خیبر، باجوڑ، مالاکنڈ، مردان، پشاور، کرک، کوہاٹ اور کرم میں بارش کی توقع ہے۔ زیارت، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، کوئٹہ، قلعہ عبد اللہ، قلات، خضدار، قلعہ سیف اللہ اور لسبیلہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ کراچی، جامشورو، ٹھٹھہ اوربدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور مانسہرہ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، وقفے کے ساتھ مزید موسلادھار مون سون بارشیں متوقع ہیں، موسلا دھار بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور،کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، سیالکوٹ ، سرگودھا ، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ بارشوں سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، ملحقہ دیہات قصبے یا نالوں کے قریب بستیاں، سیلابی ریلوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔