ثمرہ فاطمہ: خدارا ملک پر رحم کھائیں, صنعتوں کو بند نہ کریں چلنے دیں۔مہنگی بجلی سے صنعتیں نہیں چلا سکتے۔ 100 سے زائد یونٹ بند ہوچکے ہیں۔ لاکھوں مزدور بیروزگار ہیں۔انڈسٹری ملک کا اثاثہ ہےاسےقبرستان نہ بننےدیں ۔ فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرستِ اعلیٰ، سابق وزیر ایس ایم تنویر نے لاہور میں چیمبر آف کامرس کے پیاف گروپ کے ساتھ اہم مشاورت کے بعد پریس کانفرنس میں حکومت کو ملک کے صنعتکاروں اور انڈسٹری کی طرف سے ایس او ایس سگنل بھیج دیا۔
سابق وزیر صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز کے ساتھ نیوز کانفرنس میں ایس ایم تنویر نے کہا کہ دھڑے بازی چھوڑ کر ملک کیلئے کام کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جمعے کو فیصل آباد میں صنعتکاروں کا بڑا اکٹھ ہوگا۔ صنعتکار آئندہ کی حکمت عملی کااعلان کریں گے۔ممتاز صنعتکار مصباح الرحمان، ظفر اقبال،شہزاد ملک بھی اس نیوز کانفرنس میں ایس ایم تنویر کے ہمراہ تھے۔
بجلی کی بڑھتی قیمتوں اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن میں پیاف الائنس کی حمایت کے حوالے سے پیٹرن انچیف اپٹما گوہر اعجاز اور سابق وزیر ایس ایم تنویر نے لاہور چیمبر اور فیڈریشن آف چیمبرز کے عہدیداروں سے میٹنگ کی۔میٹنگ کے بعد ایس ایم تنویر نے عرفان اقبال شیخ، سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ بجلی کی بے تحاشا گرانی کی وجہ سے فیصل آباد میں سو سے زائد صنعتی یونٹ بند ہو چکے ہیں ۔ جمعہ کو فیصل آباد جائیں گے اور وہاں بزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ حکومت کو بجلی کی قیمت کم کرنی چاہیے۔
عرفان اقبال شیخ کا کہنا تھا چیمبر کا الیکشن بھرپور طریقے سے لڑیں گے اور کامیابی حاصل کریں گے ۔
میاں مصباح الرحمان نے نیوز کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا، انڈسٹری کے نہ چلنے میں بڑی رکاوٹ بجلی کی قیمت ہے۔ انڈسٹری کے بند ہونے سے بے روز گاری بڑھ رہی ہے
نیوز کانفرنس کے شرکا نے امید ظاہر کی کہ حکومت معاملے پر سنجیدگی سے سوچتے ہوئے تاجر برادری کے مسائل حل کرے گی ۔