سٹی42: پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کا آج 53واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے ۔ آج کے روز 1971 میں زیر تربیت پائلٹ راشد منہاس اپنے تربیتی طیارہ کو ہائی جیک کر کے دشمن کے علاقہ میں لے جانے کی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے دلیری کے ساتھ جام شہادت نوش کر کے پاکستان کی ہسٹری کے سب سے کم عمر نشان حیدر پانے والے سپوت قرار پائے تھے۔
آج 53 ویں یومِ شہادت پر راشد منہاس شہید کو پاکستان کی مسلح افواج چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں سروسز چیف نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے بیانات مین پاکستان کی تینوں افواج کے سربراہوں اور جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چئیرمین نے کہا کہ بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پائلٹ آفیسر راشد منہاس پاکستان کی تاریخ میں منارہ نور کی مثالی حیثیت رکھتے ہیں۔ 1971 میں پائلٹ افسر راشد منہاس شہید نے فرض کی ادائیگی کے دوران غیر متزلزل جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عظیم قربانی پیش کی ,آج قومی ہیرو راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہم ان کی غیر معمولی جرات و بہادری کو یاد کر رہے ہیں.
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی قربانی قوم کے اجتماعی شعور میں ہمیشہ زندہ جاوید رہے گی ,پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی مثالی جرات و بہادری ملک سے وفاداری آنے والی نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی,پاکستان کی مسلح افواج راشد منہاس شہید کی غیر معمولی جرات، ثابت قدمی اور فرض کی ادائیگی کی لگن کو سلام پیش کرتی ہیں ,پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کا پیشہ ورانہ معیار اور عظیم قوم سے وابستگی ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔