سانحہ مینار پاکستان: اعلیٰ حکام اور پولیس افسران کو سزائیں سنا دی گئیں

20 Aug, 2021 | 02:53 PM

سٹی 42:     وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں یوم آزادی  پر مینار پاکستان کے سائے تلے خاتون سے زیادتی کے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مینار پاکستان کے احاطے میں خاتون سے دست درازی اور لاہور میں گزشتہ دنو ں پیش آنے والے بعض واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا او ان واقعات پر پولیس کے ردعمل میں تاخیراور فرائض سے غفلت برتنے پر برہمی کااظہارکیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز  لاہور ساجد کیانی کو او ایس ڈی بنا دیا گیاہے جبکہ ایس ایس پی آپریشنزلاہور اور ایس پی سٹی کو عہدوں سے ہٹا دیاگیااور رسپانس میں تاخیر اور فرائض سے غفلت برتنے پرڈی ایس پی بادامی باغ عثمان حیدر او رایس ایچ اوتھانہ لاری اڈہ محمد جمیل  کو معطل کر دیا گیاہے۔ اسی طرح فرائض سے غفلت برتنے پر گریٹراقبال پارک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے خاتون سے پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں ابتدائی رپورٹ وزیراعلی عثمان بزدار کو پیش کی۔وزیراعلی عثمان بزدار کو واقعہ کے تمام پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعلی عثمان بزدار کو پولیس کے رسپانس کے بارے بھی بریف کیا گیاْ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے ملزمان کی گرفتاری اورشناخت کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ دی۔سیکرٹری ہاوسنگ نے گریٹر اقبال پارک میں پی ایچ اے کی سیکورٹی کی ذمہ داریوں،مبینہ غفلت اور رسپانس کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خاتون سے دلی ہمدردی ہے اور اس کیس میں انصاف ہوتا ہوا نظر آئے گا۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اورپرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے شرکت کی۔

مزیدخبریں