ساؤتھمپٹن(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سیریز کے تیسرےٹیسٹ میں خراب موسم کےباعث ضرورت پڑنے پر کھیل قبل از وقت شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا، فیصلےسےدونوں ٹیموں کےکوچز اور کپتانوں نے بھی اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پر آئی سی سی میچ ریفری، گراؤنڈ اسٹاف اور میچ مینجر اگلے روز میچ شروع ہونے کا وقت طے کریں گے۔قبل از وقت میچ شروع ہونے پر مختلف سیشنز میں 98اوورز مکمل کیے جائیں گے۔
دوسری جانب انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ حتمی 11 کھلاڑیوں کا فیصلہ میچ سے کچھ دیر قبل کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سکواڈ کی قیادت اظہر علی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابدعلی، اسد شفیق، فواد عالم، امام الحق، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی اور دوسرا ٹیسٹ میچ بارش کی نذر ہو گیا جس کے باعث انگلینڈ کی برتری بھی برقرار رہی جبکہ تیسرا میچ کل سے ساﺅتھمپٹن میں شروع ہو گا۔