(حافظ شہباز علی) پی سی بی نے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر اور کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کوچنگ کا اعلان کر دیا، ہائی پرفارمنس سینٹر عہدیداروں کی انوکھی منطق چیمپئن کوچ کا معاہدختم کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بالآخر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر اور صوبائی ٹیموں کے لئے کوچنگ پینل کے ناموں کااعلان کردیا۔ ہائی پرفارمنس سینٹر حکام کی انوکھی منطق نئے سٹرکچر میں پہلی مرتبہ چیمپئن ہونے والی ٹیم سینٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز جونئیر کا معاہدہ ختم کرکے ان کی جگہ نان ٹیسٹ کرکٹر شاہد انور جبکہ انٹر نیشنل سطح پر کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھنے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر کبیر خان کی جگہ کوچنگ میں ناتجربہ کار سابق ٹیسٹ آل راونڈر عبدالرزاق کو خیبر پختونخواہ کا ہیڈکوچ مقرر کرتے ہوئے سابق کپتان جاوید میانداد کے بھانجے سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کو بلوچستان کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا جبکہ 1992 کی فاتح ورلڈکپ ٹیم کے رکن اور تجربہ کار کوچ وسیم حیدر ان کے معاون ہوں گے۔
اعلان کردہ کوچنگ پینل میں سابق کپتان محمد یوسف نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں بیٹنگ کوچ مقررکیاگیا ہے ،سابق کرکٹرز عتیق الزمان فیلڈنگ اور وکٹ کیپنگ جبکہ محمد زاہد فاسٹ بولنگ کوچ ہوں گے۔
دوسری جانب صوبائی کوچز میں باسط علی سندھ ، فیصل اقبال بلوچستان ، شاہد انور سنٹرل پنجاب ، عبدالرحمان سدرن پنجاب اور محمد وسیم کو ناردرن کا ہیڈکوچ تعینات کیا گیا ہے چھ صوبائی کوچزقومی سلیکشن کمیٹی کا بھی حصہ ہوں گے۔
ہیڈ آف انٹر نیشنل ڈیویلپمنٹ سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ہم نے کوچنگ پینل تشکیل دیتے وقت کوشش کی ہے کہ کھلاڑیوں کو بہترین کوچز فراہم کئے جائیں۔