(مانیٹرنگ ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی) نے کورونا وائرس کے دوران پاکستان میں بیروزگار ہونے والے نوجوانوں کی تعداد کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں بیروزگاری بڑھی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان میں بیروزگاری بڑھی، 3 ماہ کے عرصے میں 15 لاکھ افراد بیروزگار ہوئے۔ اے ڈی بی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر کورونا وائرس 6 ماہ یعنی ستمبر تک جاری رہتا ہے تو بیروزگار نوجوانوں کی تعداد 23 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے باعث ایشیاء پیسیفک ریجن کے ممالک بری طرح متاثر ہوئے، ریجن میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد بیروزگار ہوئے۔ اے ڈی بی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے باعث آسٹریلیا میں بیروزگاری کا تناسب زیادہ رہا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائر س کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا جس میں بتدریج اضافہ ہوا، حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں 23 مارچ کو لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا جو کچھ روز قبل ختم کیا گیا، لاک ڈاؤن سے پاکستانی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں کمی آگئی، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں613 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور 11 مریض جاں بحق ہوئے۔ کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 445 تک جا پہنچی اور مجموعی اموات کی تعداد 6201 ہو گئی۔ ملک بھر ملک میں کورونا فعال مریضوں کی تعداد صرف 12 ہزار 116 رہ گئی، اب تک 2 لاکھ 72 ہزار 128 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں، اس وقت ملک کے 735 ہسپتالوں میں کورونا کے 1 ہزار 241 مریض زیرعلاج ہیں۔