تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

20 Apr, 2025 | 09:14 AM

سٹی42:  ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش جبکہ کئی مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ 

شہر  لاہورکا موسم بدستور گرم ہے جبکہ وقفے وقفے سے ہوائیں بھی چلنے لگی ہیں۔ سورج آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 160 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر ،گلگت بلتستان،بالائی خیبرپختونخوا میں آندھی ،جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز  موسلادھار بارش اورژالہ باری کی بھی  توقع ہے،اس دوران خطہ پوٹھو ہار میں بھی چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے،ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

 اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے،خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے  تا ہم چترال، دیر ،سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر،مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد ، بٹگرام اور باجوڑ میں آندھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری تو کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 

  پنجاب  کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے تا ہم مری ،گلیات،راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور نارووال میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے جبکہ وسطی ،جنوبی اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنےکی توقع  ہے۔

  بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ سندھ  کے بیشتر اضلاع موسم شدید گرم اور خشک رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔   گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز  موسلادھار بارش  اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ 

مزیدخبریں