ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے۔
دن کی مناسبت سے ملک بھر کے گرجا گھروں میں ایسٹر عبادات اور دعائیہ تقریبات ہوں گی، اس حوالے سے گرجا گھروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، آئین پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقلیتوں سمیت پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایسٹر تجدید اور اُمید کی علامت ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا پیغام رحمت، انکساری اور محبت کا سرچشمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کی محنت، دیانت اور خدمات ہمارے لئے قابلِ فخر سرمایہ ہیں، یہ موقع ہمیں ایثار، درگزر اور امن جیسی آفاتی اقدار پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دیتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یقین ہے مسیحی برادری پُرامن، خوشحال پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔