بابر شہزاد ترک: اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے چینی انجینئرزحملہ کی انکوائری رپورٹ کے نتیجہ میں معطل ہونے والے ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ کی معطلی ختم کرنے کی سفارش کی لیکن وزیراعظم نے صاف انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزیراعظم کو خط لکھ کر آر پی او ہزارہ اعجاز خان کو بحال کرنے کی سفارش کی تھی جسے وزیر اعظم ہاوس نے مسترد کر دیا۔
چینی انجینئرز پر شانگلہ میں حملہ کی انکوائری رپورٹ مرتب ہونے کے بعد اس رپورٹ کی روشنی میں آر پی او ہزارہ اعجاز خان کو معطل کر دیا گیا تھا۔ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس نے آر پی او ہزارہ کو بحال کرنے کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی تجویز مسترد کر دی۔ وزیراعظم آفس نے آر پی او ہزارہ کی معطلی کا نوٹیفیکیشن واپس لینے سے انکارکر دیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے خط میں کہا گیا تھا کہ اعجاز خان کی معطلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کی روشنی میں 4 افسران کو 3 ماہ کیلئے معطل کیا گیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ انکوائری رپورٹ میں آر پی او ہزارہ اعجاز خان کی غفلت کی نشاندہی نہیں کی گئی۔