وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نے استعفیٰ دیکر بھاری اسلحہ برآمدگی کی انکوائری کا مطالبہ کر دیا

20 Apr, 2024 | 09:48 PM

سٹی42: شکارپور میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایک گاڑی سے مشین گن اور دیگر خطرناک اسلحہ برآمد ہونے کے بعد   پاکستان پیپلز پارٹی کے بابل خان بھیو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھ  کر مشیر کے عہدہ سے  استعفیٰ دے دیا اور الحہ برآمد ہونے کے واقعہ کی صاف شفاف انکوائری کا مطالبہ کر دیا۔

بعض حلقوں کی جانب سے گزشتہ شب پکڑے گئے خطرناک اسلحہ کا تعلق کچے کے ڈاکؤں اور بابل خان بھیو کے ساتھ جوڑا جا رہا تھا۔  بابل خان بھیو نے جو وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مشیر بھی ہیں، کہا ہے کہ میرا  پکڑے گئے اسلحہ سے کسی طرح کا بھی تعلق نہیں۔ 

 بابل خان بھیو  نے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط  میں  بتایا کہ جیکب آباد کی حدود میں غیر قانونی اسلحہ پکڑا گیا اس پر غیر ضروری سیاست کی گئی۔ میں  پیپلزپارٹی کا کارکن اور وزیر اعلیٰ کا مشیر ہوں، اس الزام کی سختی سے تردید کرتا ہوں کہ اس اسلحہ سے میرا کسی طرح کا کوئی تعلق ہے۔ میرا اس واقعے سے کسی قسم کا نہ کوئی تعلق ہے اور نہ ہی واسطہ۔ میں حکومت سندھ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے۔ صاف اور شفاف انکوائری کرانے کے لئے میں وزیر اعلیٰ کے مشیر کے عہدے سے استعفیٰ ہوتا ہوں۔ میں وزیر اعلیٰ سے درخواست کرتا ہوں کہ میرا استعفیٰ فوری منظور کر کے انکوائری شروع کی جائے۔

بابل خان بھیو نے کہا کہ مستعفی ہونے کا مقصد صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرنا ہے۔ میں وزیر اعلیٰ سندھ کو درخواست کرتا ہوں کہ انکوائری کی رپورٹ پبلک کی جائے۔ 

مزیدخبریں