پنجاب انتخابات، پیپلزپارٹی نے شہباز شریف کو ٹکٹ جاری کر دیا

20 Apr, 2023 | 10:42 PM

ویب ڈیسک :  پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے شہباز شریف کو ٹکٹ جاری کر دیا۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پنجاب میں 14 مئی کو ہونے والے انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے۔ پیپلز پارٹی نے وزیرآباد کی اہم شخصیت شہباز شریف کو الیکشن لڑنے کے لیے پارٹی ٹکٹ جاری کیا۔

 24 نیوز کے مطابق شہباز شریف وزیرآباد سٹی پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 52 وزیرآباد ٹو سے الیکشن لڑیں گے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار شہباز شریف کا پورا نام سید شہباز شریف بخاری ہے اور انہوں نے کارنر میٹنگز کر کے حلقے میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

  دوسری جانب پیپلز پارٹی نے ضلع بہاولپور کے 10 صوبائی حلقوں کے امیدواروں کو بھی پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے۔ حلقہ پی پی 245 خیرپورٹا میوالی سے سید احمد وسیر ایڈوکیٹ تیر کے انتخابی نشان سے الیکشن میں شریک ہوں گے، پی پی 246 حاصل پور سے معظم کمال وینس، پی پی 247 یزمان سے چودھری مظہر نواز، پی پی 248 ہیڈ راجکاں سے چودھری اصغر علی زاہد پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نامزد ہو گئے۔

 پی پی 249 احمد پور شرقیہ میں رافت الرحمن رحمانی المعروف رافی میاں، پی پی 250 اوچ شریف سے سید عامر علی شاہ، پی پی 251 ہتھیجی سے سید نسیم عباس بخاری، پی پی 252 خانقاہ شریف سے ملک شاہ رخ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن لڑیں گے۔

 حلقہ پی پی 253 بہاولپور شہر سے صاحبزادہ محمد عاصم جاوید عباسی، پی پی 254 اندورن شہر سے سید تطہیر الحسن عرف پپو تطہیر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نامزد ہو گئے۔ تمام ٹکٹ ہولڈرز اپنے ریٹرننگ آفیسرز کے دفاتر میں پارٹی ٹکٹ جمع کرائیں گے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفس سے امیدواروں کی فہرست، فارم 33 جاری ہوں گے۔

مزیدخبریں