مینار پاکستان جلسہ سے قبل عمران خان کی انتظامیہ کو وارننگ

20 Apr, 2022 | 04:19 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین  عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے۔

عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں مینارِ پاکستان جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات کا تفصیلی  جائزہ لیا گیا۔تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ضمانت پر رہا ہونے والے افراد کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر شدید  تحفظات کا اظہار  کیا اور ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر عمران خان  کا کہنا تھ کہ  قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے اور بیرونی سازش اور خودمختاری پر کئے جانے والے حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے۔غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، انواع و اقسام کے جرائم میں ملوث ملزمان کو وفاقی کابینہ میں بھرتی کرکے جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ  انتظامیہ جلسے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں، مینارِ پاکستان کا کل کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا۔اپنے لوگوں کو جانتا ہوں، قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں، مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں، غیرفطری امپورٹڈ حکومتیں کھڑی کرنے سے نہیں، شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا۔

مزیدخبریں