ویب ڈیسک : کھانے میں ذائقے کے لئے نت نئے تجربات تو عام ہیں لیکن مریضوں کے کھانے کے لئے بڑی دشواری ہے ۔ کئیو ں کو چینی بند ہے تو کئیوں کو نمک ۔
کئی مریض جن کے نمک کھانے پر پابندی ہے ان کے لئے جاپانی محققین نے ایسا کمپیوٹرائزڈ چاپ اسٹک تیار کرلیا ہےجو نمک کے بغیر نمکین ذائقہ بڑھاتا ہے۔
میجی یونیورسٹی کے پروفیسر ہومی میاشیتا اور مشروبات بنانے والی کمپنی کیرن ہولڈنگز کمپنی کے تعاون سے تیار کردہ، چاپ اسٹک الیکٹرک سٹمولیشن اور کلائی پر بندھے منی کمپیوٹر کی مدد سے کام کرتے ہوئے ذائقہ بڑھاتا ہے۔ پروفسرمیاشیتا کا کہنا ہے کہ الیکٹرک چاپ اسٹک سوڈیم آئنز کو منہ تک پہنچانے کے لیے ایک کمزور برقی رو کا استعمال کرتا ہے، جہاں وہ نمکین پن کا احساس پیدا کرتے ہیں اور اس کے نتیجے میں نمکین ذائقہ 1.5 گنا بڑھ جاتا ہے۔
یادرہے ہر بالغ جاپانی اوسطا روزانہ تقریباً 10 گرام نمک استعمال کرتا ہے، جو کہ عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ مقدار سے دوگنا ہے۔ سوڈیم کی زیادہ مقدار ہائی بلڈ پریشر، فالج اور دیگر بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔ ممکنہ طور اگلے سال سے اس کمپیوٹرائزڈ چاپ اسٹک کی تجارتی بنیادوں پر تیاری شروع کردی جائے گی۔