میٹرو، سپیڈو بسوں میں سفر کرنیوالوں کیلئے خوشخبری

20 Apr, 2021 | 11:19 PM

M .SAJID .KHAN

(درنایاب)پنجاب حکومت کا انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کی بحالی کا فیصلہ ، میٹرو بس سروس اور سپیڈو بسیں کل سے چلا دی جائیں گی، محکمہ صحت نے کورونا ایس او پیز کے تحت انٹر سٹی ٹرانسپورٹ چلانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث میٹرو بس سروس ،ماس ٹرانزٹ سروس اور سپیڈو بس کو 29 مارچ کو بند کردیا گیا تھا ۔ پنجاب حکومت کے محکمہ صحت نے انٹر سٹی ٹرانسپورست کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔میٹرو بس سروس ، سپیڈو بسیں کل سے شیڈول کے مطابق چلیں گی ۔ ذرائع کے مطابق اورنج لائن کو کل آپریشنل نہیں کیا جائے گا ،اورنج لائن کے یتیم خانہ سٹیشن کی بحالی کے بعد ٹرین آپریشن چلایا جائے گا۔

یاد رہے کہ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے شہر میں ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیوں کی ہدایات  بھی جاری کی تھی، نوٹی فکیشن کے مطابق شہر میں ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے اورنج ٹرین سپیڈو بس میٹرو بس کی بندش تک تمام پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔

علاوہ ازیں کوروناکے پھیلاؤ کو روکنے کے لیےلاک ڈاؤن کے فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئےاورنج لائن ٹرین،میٹروبس،سپیڈوبس سروس کو بندکر دیا گیاتھا، اورنج لائن ، میٹرو بس کے ٹریک کو بھی بند کر دیا گیا ، ماس ٹرانزٹ،سرکاری لوکل ٹرانسپورٹ بھی بند کردی گئی تھی۔

یاد رہے کہ  این سی او سی کے اہم اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا اور اس کی روک تھام کے لئےسخت فیصلے کیے گئے تھے۔اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں دو دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ ہفتے اور اتوار بند رکھنے کا حکم دیا گیا تھا۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ مال بردار، ادویات اور دوسری ایمرجنسی سروسز کی ترسیل کو استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ فیصلے کا اطلاق 10 اپریل سے 25 اپریل تک ہو گا۔این سی او سی کے مطابق ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ فعال رہیں گی۔

مزیدخبریں