(سٹی42)کورونا کی تیسری لہر بچوں پر بھی حملہ آور ہونے لگی، چلڈرن ہسپتال میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا سے ایک بچہ جاں بحق، اب تک ہسپتال میں داخل ہونیوالےکورونا مریض بچوں کی تعداد 7 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ بچوں میں سے ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں چلڈرن ہسپتال میں مزید ایک بچہ داخل ہوا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق کورونا وائرس کانشانہ بننے والے بچوں کی عمریں چار سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو مزید بچوں میں کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس بچوں کے لئےسنگین خطرہ بن چکا ہے، تیسری لہر کے دوران 10 سال سے کم عمر بچوں میں کورونا کیسز بڑھ گئے ۔ گزشتہ چنددنوں کے دوران 51 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، یکم جنوری سے اب تک دس برس عمر تک کے 900 سے زائد بچے کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ لہر بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی متاثر کر رہی ہے اس لیے والدین احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ تیزی سے جاری ہے,شہر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 46 اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔ لاہور میں کورونا وائرس کے 1748 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1297 مریض داخل ہیں جن میں سے 807 مریضوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، اور 490 مریضوں کو کورونا علامات کے باعث داخل کیا گیا ہے ۔ کورونا وائرس کے 237 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں وینٹیلیٹر پر مصنوعی تنفس فراہم کیا جارہا ہے ، 712 مریض ہائی ڈپنڈنسی یونٹس میں داخل ہیں اور 348 مریضوں کو آئسولیشن وارڈز میں زیر علاج رکھا گیا ہے ۔