(سٹی 42) حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد سکیم موڑ،یتیم خانہ اور اطراف کے علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروسز بحال کردی گئیں۔
گزشتہ کئی روز سے کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کیخلاف ملک بھر میں احتجاج، مظاہرے جاری تھے جس کے باعث حکومت کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند کی گئی تھیں، کل رات حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، فریقین میں4 نکات پر اتفاق ہوگیا، حکومت فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد آج قومی اسمبلی میں پیش کرے گی، اگر قومی اسمبلی نے منظوری دی تو فرانسیسی سفیر کو نکال دیا جائے گا،تمام فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور تمام کارکنان کی رہائی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
کالعدم تنظیم تحریک لبیک کے سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلانے کے خدشے کے باعث لاہور کے 167 مقامات پر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند کی گئی تھیں جو حکومت نے اب بحال کرنا شرو ع کردیں، انٹرنیٹ سروسز سکیم موڑ،یتیم خانہ ،سمن آباد،سبزہ زار،سوڈیوال اور اطراف کے علاقوں میں بحال ہوگئیں۔
واضح رہےکہ جمعہ کے روز کالعدم مذہبی جماعت کے ممکنہ احتجاج کو روکنے کیلئے لاہور سمیت ملک بھر میں سوشل میڈیا سائٹس ٹویٹر، فیس بک، واٹس ایپ، انسٹا گرام اور ٹیلی گرام کو 5 گھنٹے کیلئے بند کیا گیا تھا، شیخ رشید نے ملک میں سوشل میڈیا سروسز کی عارضی معطلی پر عوام سے معذرت کرتےہوئے آئندہ بندنہ کرنے کا وعدہ کیا ۔