منی لانڈرنگ کیس،خواجہ آصف کو ضمانت نہ مل سکی

20 Apr, 2021 | 09:46 AM

Ibrar Ahmad

 ملک اشرف :لاہور ہائیکورٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں لیگی رہنما خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر سماعت، عدالت نے نیب پراسکیوٹر کو جواب کی کاپی بینچ کے دوسرے رکن کیلئے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بینچ نے خواجہ آصف کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے بیرسٹر حیدر رسول مرزا جبکہ نیب کی طرف سے سپیشل پراسکیوٹر سید فیصل رضا بخاری پیش ہوئے۔ دورکنی بینچ کی سربراہ جسٹس مس عالیہ نیلم نے خواجہ محمد آصف کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیاآپ نے جواب دیکھ لیا؟ بریسٹر حیدر رسول مرزا نے جواب دیا کہ۔جی میں نے نیب کا جواب دیکھ لیا ہے۔

جسٹس عالیہ نیلم نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تو جواب دیکھ لیا ہے مگر بینچ کے دوسرے جج کی فائل میں نیب کا جواب موجود نہیں، جسٹس عالیہ نیلم نے نیب وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے جواب کی 2 کاپیاں داخل نہیں کی تھیں؟ جسٹس فاروق حیدر ساری فائل پڑھ کر آتے ہیں ان کی فائل میں نیب کا جواب موجود نہیں ہے، جسٹس  عالیہ نیلم نے نیب وکیل کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر نیب کے جواب کی نقل بنچ کے دوسرے رکن کیلئے بھی جمع کروائیں۔

یاد رہے کہ لیگی رہنماء خواجہ محمد اصف کی درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیاگیا ہے۔  نیب نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزامات میں 29 دسمبر کو اسلام آباد سے گرفتار کیا، نیب کو کیس کا ریکارڈ پہلے ہی فراہم کیا جا چکا ہے، احتساب عدالت کے جج نے بھی نیب کے پاس کیس کا تمام متعلقہ ریکارڈ ہونے کی آبزرویشن دی، جسمانی ریمانڈ دوران نیب نے انکوائری کے شکایت کنندہ کا کوئی ریکارڈ بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں کیا۔

الیکشن کمیشن اور ایف بی آر کے پاس بھی اثاثوں کی تمام تفصیلات موجود ہیں، نیب کو کیس میں مزید ریکوری ضرورت نہیں، بلاجواز جیل میں قید رکھا گیا ہے، درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔

مزیدخبریں