رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کے مارکیٹوں میں ڈیرے

20 Apr, 2019 | 05:41 PM

Arslan Sheikh

( شہزاد خان ) سرکاری نرخنامہ صرف کاغذی کارروائی ثابت ہوا، شہر کی اوپن مارکیٹ اور اکبری منڈی میں چینی، دالیں اور چنے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی دس سے چودہ روپے مہنگے داموں فروخت جاری مگر ضلعی انتظامیہ لمبی تان کر سو گئی۔

تفصیلات کت مطابق رمضان المبارک کی آمد میں صرف دو ہفتے باقی رہ گئے، شہر کی اوپن مارکیٹ اور اکبری منڈی میں گراں فروش مہنگائی کا طوفان لے آئے ہیں مگر ضلعی انتظامیہ تاحال خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے چینی کے سرکاری نرخ ساٹھ روپے فی کلو متعین کیے مگر چینی اکبری منڈی میں پینسٹھ اور اوپن مارکیٹ میں ستر روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہورہی ہے۔ اسی طرح دال چنا کی سرکاری قیمت ایک سو چھ جبکہ اوپن مارکیٹ ایک سو بیس روپے میں دستیاب ہے۔

اسی طرح ضلعی انتظامیہ نے سرکاری نرخنامے کے مطابق دال مونگی کی قیمت ایک سو انتالیس جبکہ اوپن مارکیٹ میں ایک سو پچاس میں فروخت جاری ہے، کالے چنے کی سرکاری قیمت ایک سو روپے اور بازار میں ایک سو دس روپے میں دستیاب ہے۔ صدر کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن حافظ محمد عارف کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے جو قیمتیں متعین کی ہیں ان قیمتوں پر تو اکبری منڈی میں اشیائے ضروریہ دستیاب نہیں ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اوپن مارکیٹ میں مہنگائی کے طوفان کو روکنے کیلئے اقدامات کرے تاکہ شہری کم ازکم رمضان المبارک میں تو سکھ کا سانس لے سکیں۔

مزیدخبریں