(یاورذوالفقار) احتساب عدالت نے نیب کو جلد ریفرنس پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اپریل تک توسیع کر دی۔
تحریک انصاف کے رہنما عبد العلیم خان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر جج نجم الحسن کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ابھی تک ریفرنس کیوں نہیں پیش کیا گیا؟ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کافی حد تک تحقیقات مکمل ہیں، حتمی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے، نیب کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت حتمی رپورٹ پیش کرنے کا وقت دے۔
علیم خان کے وکیل عدنان شجاع پاشا نے کہاکہ عدالت حتمی رپورٹ پیش کرنے کا کوئی وقت مقرر کر د ے، ہر سماعت پر نیب والے یہی کہتے ہیں کہ جلد از جلد حتمی رپورٹ پیش کر دی جائے گی لیکن کرتے کچھ نہیں۔
علیم خان کے وکیل نےعدالت سےاستدعاکی کہ جوڈیشل ریمانڈ میں کم سے کم وقت کیلئے توسیع کی جائے اور ریفرنس پیش کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد نیب کو آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ پیش کرنےکاحکم دیتے ہوئے ریمانڈ میں مزید10 دن کی توسیع کردی۔