(فاران یامین) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے صدارتی نظام کے امکان کو یکسر مسترد کردیا، کہتے ہیں کہ اسد عمر نے خود استعفی دیا، 30 جون تک کرپٹ لوگوں کا صفایا ہوجائے گا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جمہوری نظام کی حمایت کردی، کہتے ہیں کہ پاکستان میں پارلیمانی نظام ہے، آئین بڑی مشکل سے بنا اس کو آگے لے کر چلنا ہے، نواز شریف، آصف زرداری اور شہباز شریف کا کوئی مستقبل نہیں, آئی ایم ایف کے بغیر گزارہ نہیں، کرپشن کے باعث خزانہ خالی رہا۔
شیخ رشید احمد کا مشیر پیٹرولیم ندیم بابر کے نیب کیسز سے متعلق سوال پر کہنا تھاکہ عمران خان نیب زدہ شخص کو برداشت نہیں کریں گے۔
شیخ رشید احمد نےمزید کہا کہ سرسید ایکسپریس کا افتتاح اگلے ماہ وزیراعظم عمران خان کریں گے، بین الاقوامی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ ایم ایل ون مکمل ہو اور ریلوے ترقی کرے، انہوں نے ریلوے میں پیسنجر ٹینڈرمنسوخ کرنے سمیت 3 سال تک ایک جگہ تعینات رہنے والے افسران کے تبادلے اور ریلوے ملازمین کو جلد ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا اعلان بھی کیا۔