(ویب ڈیسک) لاہور یورں پر موسم مہربان ہوگیا، باغوں کے شہر لاہور پر گھنگھور گھٹائیں چھاگئیں، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار سے موسم خوشگوار ہوگیا، گرمی کا زور ٹوٹنے سے شہریوں کے چہروں پر رونقیں لوٹ آئیں، ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں نے لاہوریوں کے دل موہ لیے۔
لاہور میں موسم نے لی انگڑائی، اچانک بادلوں نے صبح سویرے سورج کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی، پھر ہلکی پھوار نے شہر کا موسم مزید خوشگوار بنا دیا ،گرمی سے مرجھائے چہروں پر بہار آگئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق آج باغوں کے شہر کا درجہ حرارت کم از کم 17 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 26 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے اور ہوا نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
سہانے موسم میں محکمہ موسمیات نے بھی لاہوریوں کو خوشخبری سنادی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور شہر میں رواں ہفتے مزید بارشیں ہوں گی جس سے گرمی کی شدت کم ہوجائے گی۔