اقصی سجاد: گلی نمبر 3 شاہ جمال میں نصب واٹر فلٹریشن پلانٹ کئی ماہ سے غیر فعال ہے ۔
پلانٹ کا مکینیکل سسٹم خراب ہونے کے باعث پائپ سے پانی رسنے لگا، علاقہ مکینوں تک صاف پانی کی فراہمی مشکل ہو گئی۔کئی بار درخواستوں کے باوجود پلانٹ میں پانی کی فراہمی یقینی نہ بنائی جا سکی۔علاقہ مکین صاف پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیں ۔
اسی جگہ پر پہلے سے ایک فلٹریشن پلانٹ موجود تھا جس پر انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث فلٹریشن پلانٹ خراب ہوا اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوا تو انتظامیہ نے اسی فلٹریشن پلانٹ کے قریب دوسرا فلٹریشن پلانٹ تعمیر کردیا ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ نیا فلٹریشن پلانٹ بھی انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکارہوچکا ہے ۔ جہاں پائپ زنگ آلود ہوچکے ہیں ۔ نلکے غائب ہیں اور گندگی کے ڈھیر ہیں ۔ شہری پریشان ہیں کہ آخر انتظامیہ کیوں بروقت فلٹریشن پلانٹ کی جانب توجہ نہیں کرتی ۔ مکینوں نے انتظامیہ سے پلانٹ میں صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی اپیل کی ہے