ملک اشرف: تحریک انصاف کی اکیس ستمبر کو جلسہ کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،چیف سیکرٹری ، آئی جی ،کمشنر اورڈی سی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں جسٹس طارق ندیم اور جسٹس علی ضیاء باجوہ ن پر مشتمل بنچ نے عالیہ حمزہ ملک اور دیگر کی درخواستوں کی سماعت کی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل فرخ لودھی پیش ہوئے ۔درخواست گزاروں کےوکلااشتیاق اے خان ، سردارخرم لطیف کھوسہ اور دیگرپیش ہوئے۔
اکمل خان کے وکیل سردار خرم لطیف کھوسہ نے کہا جلسہ کی اجازت کے لئے درخواست دائر کی۔جسٹس فاروق حیدر نےکہا چودہ اگست کوجلسہ کی درخواست دائر کی گئی ، جو غیر موثر ہوچکی ہے۔ قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔
عدالت نے عالیہ حمزہ والے کیس میں متعلقہ وکیل کو دلائل دینے کا حکم دیا۔اشتیاق اے خان نے اپنا موقف پیش کیا۔جسٹس فاروق حیدر نےکہایہ معاملہ اہم ہے، ایڈووکیٹ جنرل ،چیف سیکرٹری ،آئی جی ، کمشنر ، ڈی سی کو20ستمبرکوبلوالیتےہیں۔عدالت نے سماعت 20 ستمبرکی صبح نوبجےتک ملتوی کردی ۔