لذیذ فرائیڈ چکن کی وائرل ویڈیو پر انٹرنیٹ صارفین برہم کیوں؟

19 Sep, 2024 | 05:43 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: انٹرنیٹ پر آئے روز چٹ پٹے کھانوں کی مختلف ریسپیز وائرل ہوتی رہتی ہیں جنہیں دیکھ کر ہی سوشل میڈیا صارفین کے منہ میں پانی آجاتا ہے۔

حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک کرسپی فرائیڈ چکن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوگئی جسے پہلی نظر میں دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین دھوکہ کھا گئے۔

چٹ پٹی فرائیڈ چکن جیسا دکھنے والا یہ لیگ پیس دراصل چکن نہیں بلکہ کیک ہے جوکہ ایک آرٹسٹ کی مہارت کا کمال ہے۔

 برطانیہ میں مقیم سوشل میڈیا انفلوئنسر دائیتا پال ’ایلوژن کیکس‘ بنانے کے لیے مشہور ہیں، انہوں نے اِس فرائیڈ چکن کے سائز کے کیک کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جسے اب تک 11 ملین صارفین دیکھ چکے ہیں۔

'چکن یا کیک؟' کے عنوان کیساتھ اس ویڈیو میں دکھایا گیا کہ اس لیگ پیس کو کانٹے چھری سے کاٹا جارہا ہے لیکن دو ٹکڑوں میں تقسیم ہونے کے بعد اصلیت سامنے آتی ہے کہ یہ دراصل ایک کیک ہے جوکہ چاکلیٹ اور ونیلا فلیور سے لبریز ہے۔

ویڈیو کے کیپشن میں دائیتا پال نے لکھا کہ 'میرا بیٹا یہ جان کر شدید برہم ہوا کہ یہ کرسپی فرائڈ چکن دراصل ایک کیک ہے، مجھے واقعی اس کیلئے افسوس (نہیں) ہوتا ہے کہ وہ ایک کون-آرٹسٹ ماں کے ہتھے چڑھ گیا ہے، وہ یقیناً اس سے بہتر کا حقدار ہے'۔

یہ وائرل ویڈیو دیکھنے والے لاکھوں سوشل میڈیا صارفین بھی دائیتا کے بیٹے کیطرح کمنٹ سیکشن میں خوب برہم نظر آئے۔

ایک صارف نے لکھا کہ 'یہ انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ مایوس کُن ویڈیو ہے' جبکہ دیگر صارفین نے دائیتا کے فن کو خوب سراہا جنہوں نے اس خوبصورتی سے کیک کو چکن کی شکل میں ڈھال دیا۔

مزیدخبریں