علی ساہی:آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس شہداء کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل,فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے ایک اور پولیس جوان کی فیملی کو گھر دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے کانسٹیبل محمد شبیر کے اہل خانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا،شہید کی فیملی کو پسند کے مطابق شالیمار ٹاﺅن پھالیہ میں تمام سہولیات سے آراستہ 04 مرلے کا گھر خرید کر فراہم کیا گیا۔
کانسٹیبل محمد شبیر نے گذشتہ برس فروری میں تھانہ بھاگٹ منڈی بہاؤالدین کی حدود میں خاتون کی جان بچانے کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا ۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل محمد شبیر کے والدین و اہلخانہ اب نئے گھر میں زندگی گزاریں گے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےکانسٹیبل محمد شبیر شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا، آئی جی پنجاب نے کہا کانسٹیبل محمد شبیر نے خاتون کے تحفظ کیلئے اپنی جان کو فرض کی راہ میں قربان کیا ۔
پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،پنجاب پولیس کانسٹیبل محمد شبیر جیسے 1600 سے زائد شہدا اور 1700 بہادر غازیوں کی امین فورس ہے،شہداء کے اہلخانہ اور غازیوں کی بہترین ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔