سکھ رہنما کے قتل کے واقعے پر پاکستان اور پیپلز پارٹی کینیڈین عوام کے ساتھ ہیں، بلاول بھٹو

19 Sep, 2023 | 03:26 PM

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان کا اختیار الیکشن کمیشن کے سوا کسی کے پاس نہیں ہے، اسٹبلشمنٹ کے پاس بھی نہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس پارلیمان کی بالادستی کے حوالے سے ہے،  سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ بہت اہمیت رکھتا ہے، اس کیس کے نتیجے میں بینچ بنانے کے اختیار کے معاملے پر فیصلہ سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ بینچ بنانے کا اختیار اب تک چیف جسٹس کی صوابدید ہے، اس کیس کا فیصلہ آئے گا تو ہی مزید صورتحال واضح ہوگی۔ سی ای سی نے لیول پلیئنگ فیلڈ پر اعتراضات پر آصف زرداری کو ٹاسک دیا ہے۔ والد صاحب کو اتنا اسپیس دیں کہ ہمارے اعتراضات کو دور کیا جائے، جہاں تک لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات ہے وہ سب کو نظر آرہا ہے، لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ مسلم لیگ نواز سے ہے۔

کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے پر بلاول کا کہنا تھا کہ کینیڈین وزیراعظم نے بہت بڑا الزام لگایا ہے، بھارت ایکسپوز ہوچکا ہے۔  بھارت ہمارے ملک میں بھی دہشت گردی میں ملوث ہے، عالمی برادری کب تک بھارت سے جڑے واقعات کو نظرانداز کرتی رہے گی۔ پاکستانی دفترِ خارجہ کو اس معاملے پر واضح بیان دینا چاہئے۔  سکھ رہنما کے قتل کے واقعے پر پاکستان اور پیپلز پارٹی کینیڈین عوام کے ساتھ ہیں۔

مزیدخبریں