کو مل اسلم :شہر لاہور میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے شہر میں جل تھل ایک ہو گیا , مختلف علاقوں میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق موسم خوشگوار درجہ حرارت23ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے,ماہرین کی پیشگوئی ہےکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں بارش کا سلسلہ یونہی جاری رہے گا ۔
رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ، جوہرٹاؤن، لکشمی چوک، اقبال ٹاؤن، ائیرپورٹ، ماڈل ٹاؤن ، گلشن راوی ،تاج پورہ ، باغبانپورہ سمیت متعدد علاقوں میں صبح سویرے بارش ہوئی ہے۔واسا کے مطابق لاہور ائیرپورٹ کے علاقے میں77 اور گلبرگ میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ فیصل آباد ،پاکپتن ، کمالیہ اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل کراچی سمیت سندھ کے زیریں علاقوں میں بارش کا امکان ہے ۔
اس دوران بارکھان، سبی، ژوب، قلات،خضدار، لسبیلہ اور آواران میں چند مقا مات پر بارش ہو سکتی ہے جبکہ اسلام آباد،پنجاب ، خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔