کورونا وائرس لاہور کے طالبعلموں میں بھی پہنچ گیا

19 Sep, 2020 | 05:58 PM

Arslan Sheikh

( زاہد چوہدری ) تعلیمی اداروں میں کورونا پھیلنے کا خدشہ، لاہور میں بھی ایک طالبعلم کورونا میں مبتلا ہونے کا انکشاف، ایف سی کالج کے طالبعلم میں وائرس کی تصدیق جبکہ پنجاب بھر کے مختلف تعلیمی اداروں میں پہلے ہی 34 طلبا میں وائرس کی تشخیص کی جاچکی ہے۔ 

کورونا کے باعث لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد طالبعلموں میں کورونا کیسز سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کی جانب سے کورونا کی تشخیص کیلئے تعلیمی اداروں میں جاری رینڈم سیمپلنگ کے دوران لاہور میں ایک طالبعلم کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ 

ایف سی کالج میں زیر تعلیم طالبعلم کورونا وائرس میں مبتلا پایا گیا ہے تاہم طبیعت بہتر ہونے پر فی الحال طالبعلم کو ہسپتال میں داخل نہیں کیا گیا۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کی سیمپلنگ کے دوران پہلے تین روز کے دوران پنجاب میں 34 طلبا کے کورونا وبا میں مبتلا ہونے کی پہلے ہی تصدیق ہوچکی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق تعلیمی اداروں سے کورونا کیسز سامنے آنا خطرے کی علامت ہے جس کو بغور مانیٹر کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کے حوالے سے حکومتی پالیسی پر نظر ثانی کی جانی چاہئے۔  

دوسری جانب این سی اوسی کے مطابق کورونا کے باعث ملک بھر میں مزید 13 تعلیمی ادرے بند کردیئے گئے جو ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر بند کئے گئے۔ کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پروبا تعلیمی اداروں میں پھیلی، سب سے زیادہ کے پی کے میں 10 اورسندھ میں 3 ادارے بند ہوئے۔

واضح رہے محکمہ پرائمری ہیلتھ کی جانب سے پنجاب بھر کے 14746 سرکاری اور 1566 پرائیویٹ سکولوں کی رینڈم سیمپلنگ کی گئی اور مجموعی طور پر 13796 سیمپل لیے گئے، جن میں سے 34 بچوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ 24 بچے ضلع گوجرانوالہ کے سکولوں میں کورونا میں مبتلا پائے گئے۔ 

مزیدخبریں