علی اکبر: صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق بلدیاتی انتخابات وعدہ کے مطابق کرانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کی لوکل گورنمنٹ ٹرانزیشن کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر راجہ بشارت کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹرمراد راس، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید، سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سابقہ بلدیاتی نظام سے نئے بلدیاتی نظام میں منتقلی کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، راجہ بشارت نے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ ٹرانزیشن کا کام شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے اور کابینہ کمیٹی کو باقاعدگی سے آگاہ کیا جا تارہے، انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں کا محور اور تحریک انصاف کے ویژن کا عکاس ہے اوریہ صوبہ بھر میں نچلی سطح پر حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔
قبل ازیں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ احمد جاوید قاضی نے اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ بلدیات پنجاب میں باقاعدہ ٹرانزیشن سیل قائم کیا گیا ہے جس میں چھ ورکنگ گروپ کام کر رہے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ مکمل کر لیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ باقاعدہ اجلاس منعقد کر کے اعتراضات دور کیے جا رہے ہیں۔