سٹی 42 : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مذاکرات کا عمل تیزی سے جاری ہے، ہماری کوشش ہے آج اس معاملے کو ہر حال میں مکمل کر لیا جائے۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس اب سات بجے طلب کیا ہے، یہ ایک جمہوری عمل ہے تمام جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات ہو رہی ہے، نمبرز پورے ہونے کے باوجود مشاورت کی جا رہی ہے۔ ہمارے پاس دوسرے آپشنز بھی موجود ہیں لیکن کوشش ہے کہ ایک جمہوری عمل کے ذریعے چلا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں قانون تبدیل کیا گیا ، پولیس افسران کے تبادلے پہلے آئی جی کرتا تھا، علی امین نے آئی جی سے وہ اختیار خود لے لیا، علی امین کو کیا مسلئہ تھا کہ پولیس کے رولز کو تبدیل کیا، کیا وجہ ہے کہ یہ ایس سی او میں بھی کال دیتے ہیں ۔ ملک سے غداری سے فرق نہیں پڑتا یہ کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی سے غداری کرنے والے کا سب کچھ برباد کر دیں گے، نہ انہوں نے کبھی آئین کو مانا نہ قانون کو ۔
واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترامیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے مشاورت کا عمل تیز ہوگیا، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئینی ترامیم کی منظوری کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں کی ہیں۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کا وقت بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔