عثمان خادم: پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے ناکام ہونے کے بعد تنظیم میں گروہوں کا جھگڑا ایک بار پھر کھل جکر سامنے آ گیا۔
پی ٹی آئی میں قائم مقام صدر حماد اظہر کے قریبی ذرائع کے مطابق لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز اور ارکان اسمبلی لاہور تنظیم سے نالاں ہیں ،مقامی رہنما لاہور تنظیم کے میدان میں نہ ہونے کی وجہ سے احتجاج کیلئے نہ نکلے اس ضمن میں لاہور اراکین اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے اعلیٰ قیادت تک اپنے تحفظات پہنچا دیئے ہیں کہ لاہور کی تنظیم کے عہدیدار احتجاج کی کال دے کر خود غائب ہو جاتے ہیں۔
پی ٹی آئی لاہور کے صدر خود احتجاج کیلئے نہیں نکلتےاور تنظیم کے دیگر عہدیدار گھروں میں ہی رہتے ہیں ۔پی ٹی آئی لاہور کی ٹاؤنز تنظیمیں بھی سوشل میڈیا بیانات تک محدود ہیں ۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور تنظیم اور ٹاؤن باڈیز کے عہدیداروں کے خود سڑکوں پر نہ آنے کی وجہ سے احتجاج ناکام ہوا۔ ٹکٹ ہولڈرز اور ارکان اسمبلی نے مرکزی قیادت کو لاہور تنظیم پر عدم اعتماد کے بارے میں پہلے بھی آگاہ کیا تھا، لاہور کے مقامی رہنماؤں نے شیخ امتیاز محمود کی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔