راؤ دلشاد : پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نےپولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے ختم کرنے کے لئے قابل عمل اور پائیدار پلان طلب کرلیا ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کو مکمل طورپر پولیو فری بنانے کے لئے تجاویز اور سفارشات کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مریم نواز نےپنجاب کے تمام انٹری پوائنٹس پر موثر ویکسینیشن کیمپین کرنے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کرنے کےلئے جامع اور موثر ویکسینیشن کیمپین کا حکم دے دیا۔
اجلاس میں پنجاب میں موبائل اور مائیگرنٹ پاپولیشن کی ٹریکنگ اور رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیو کے خاتمے کی ویکسینیشن مہم کو مزید موثر بنانے کے لئے مائیکرو پلان کاجائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے ویکسینیشن مہم کے دوران مسنگ چلڈرن کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔
مریم نواز نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کومکمل طورپر پولیو فری بنانا ہمارا عزم ہے، ویکسی نیشن مہم کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کررہی ہوں، عوام کے بھرپور تعاون سے ذریعے ہی پولیو وائرس کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن مہم کے دوران ایس او پیز کے مطابق کولڈ چین بھی یقینی بنائی جائے ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں وائرس سرکولیشن بڑھنا تشویش ناک امر ہے۔ پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے کمزور اضلاع پر بھرپور توجہ دی جائے۔
سینیر منسٹر مریم اورنگزیب ، وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق ، خواجہ عمران نذیر ، پارلیمانی سیکرٹری عظمی کاردار ۔ ثانیہ عاشق ۔ ڈاکٹر عدنان خان ،چیف سیکرٹری ، سیکریٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔