سٹی 42 : صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشین اور ژوب میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پشین اور ژوب میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا، صدر مملکت نے خوارج دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں گے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف بہادری کے ساتھ لڑ رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کی کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی کی۔ وزیرِ اعظم نے پانچ خوارج کی گرفتاری، دو خوارج کو جہنم واصل کرنے اور بڑی تعداد میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد ضبط کرنے پر افسران و جوانوں کی تعریف کی ۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے. پاکستان کے دشمنوں کے ملک میں انتشار و بد امنی پھیلانے کے عزائم کو خاک میں ملانے کے مشن میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے.
وزیرداخلہ محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دوسری جانب وزیرداخلہ نے فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل اور 5 دہشتگردوں کی گرفتاری پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر کامیاب آپریشنز کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں ۔ قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لئے قوم پر عزم ہے۔ قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے۔