وفاقی کابینہ کا اجلاس ایک بار پھر ملتوی کردیا گیا

19 Oct, 2024 | 10:10 AM

ویب ڈیسک:  وفاقی کابینہ کے اجلاس کا وقت دوسری بار تبدیل کردیا گیا ۔

 گزشتہ رات بھی وفاقی کابینہ کا اجلاس رات کو طلب کیا گیا تھا تاہم اس میں بھی مسودے کی منظوری نہیں دی جاسکی تھی،کابینہ کا اجلاس ہفتے کی صبح 10 بجے طلب کیا گیا تاہم اجلاس کے وقت میں تبدیلی کرکے اسے 12 بجے کردیا گیا لیکن 12 بجے بھی اجلاس شروع نہ ہوا اور اجلاس کے وقت میں دوسری مرتبہ تبدیلی کرکے اسے 2 بجے کردیا گیا ہے۔

 ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کابینہ اجلاس میں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری کا امکان ہے۔

  دوسری جانب سینٹ کے اجلاس کا وقت پھر  تبدیل کر دیا گیا ہے۔ پہلے اجلاس صبح 11 بجے کے بجائے دوپہر ساڑھے 12 بجے ہونا تھا تا ہم اب سہ پہر 3 بجے کر دیا گیا  جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے پھر ہوگا۔

 واضح رہےکہ بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کی ایک اور ملاقات میں آئینی ترامیم پر وسیع اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری رات گئے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے،دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک گھنٹے تک ملاقات جاری رہی، ملاقات کے دوران نوید قمر اور مرتضیٰ وہاب بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ موجود تھے۔

 اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما نوید قمر نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی،اس کے علاوہ بیرسٹرگوہر، حامد خان اور بیرسٹرعلی ظفر پر مشتمل پی ٹی آئی کا وفد بھی مولانا کے گھر پہنچا تھا۔

مزیدخبریں