آخرِ شب، بلاول بھٹو کے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آئینی ترامیم پر مزید مذاکرات

19 Oct, 2024 | 04:17 AM

Waseem Azmet

سٹی42:  سابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین  بلاول بھٹو زرداری جمعہ کی رات رات گئے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ  پرگئے۔

مولانا کے ساتھ  ایک گھنٹے تک ملاقات میں نوید قمر اور مرتضیٰ وہاب بھی بلاول بھٹو کے ساتھ شریک ہوئے۔ گزشتہ کئی ملاقاتوں  کی طرح آج شب کی ملاقات میں بھی عدلیہ میں ضروری اصلاحات اور دیگر اہم امور سے متعلق  آئینی ترامیم کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے بعد بلاول بھٹو مولانا فضل الرحمان کے گھر سے روانہ ہوگئے۔

اس سے  پہلے جمعہ کی رات ہی مسلم لیگ ن کے رہنما ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما نوید قمر نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی۔

بیرسٹرگوہر، حامد خان اور بیرسٹرعلی ظفر پر مشتمل پی ٹی آئی کا وفد بھی مولانا کے گھر  آیا تھا۔ انہوں نے بھی مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترامیم پر  بات چیت کی۔

26 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ پارلیمنٹ میں ٹیبل کرنے کیلئے تیار

جمعہ کے روز خورشید شاہ کی زیرصدارت پارلیمان کی خصوصی کمیٹی  آئینی مسودہ  کو متفقہ طور پر منظور کر  چکی ہے۔ اب حکومت اس مسودہ کو جلد پارلیمنٹ مین پیش کر کے دونوں ایوانوں سے منظور کروانا چاہتی ہے۔ 

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین خورشید شاہ کا کہنا تھاکہ مسودے کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے، پی ٹی آئی بھی اجلاس میں موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ جو ڈرافٹ سامنے رکھا گیا پوائنٹ ٹو پوائنٹ اس پر سارے متفق ہوئے، بل پر دستخط کسی کے نہیں ہوئے،کمیٹی میں پیش کیا گیا اور کمیٹی میں سب نے ہاتھ اٹھا کر متفقہ طور پر منظورکیا۔


خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ خصوصی کمیٹی سے منظور شدہ مسودہ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

مزیدخبریں