ویب ڈیسک: نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سکھ یاتریوں کو پاکستان آمد پر ویزا آن آرئیول دینے کی کوشش کررہے ہیں،اس ضمن میں وفاقی حکومت سے بات کی ہے، جلد خوشخبری دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں امریکہ اور دیگر ممالک سے آئے سکھ یاتریوں کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ سکھ یاتریوں نے لاہور،ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور میں سکھ برادری کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں سکھ برادری کے لئے کمیونٹی سنٹر بنا کر دیں گے۔ سکھ یاتریوں کے لئے پنجاب میں ٹورز کا خصوصی پیکیج لا رہے ہیں۔محکمہ سیاحت اس پیکیج کو حتمی شکل دے رہاہے۔ سکھ یاتری پیکیج کی آن لائن بکنگ کرا سکیں گے۔ خوشی ہے کہ سکھ یاتریوں کے وفد میں نوجوان بھی شامل ہیں۔ سکھ یاتریوں کا پورا خیال رکھاجائے گا او ران کی بھرپو رمہمان نوازی کریں گے۔ سکھ یاتری جب چاہئیں پاکستان آئیں،انہیں کسی قسم کا مسئلہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک کے جنم استھان کے پانی کو پیک کر کے سکھ یاتریوں کو دیاجائے گا۔ سکھ یاتری جتنے بھی دن قیام کریں گے، محبتیں دیں گے۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے سکھ یاتریوں کے وفد کو ”جی آیاں نوں“ کہا، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکھ بھائیوں کے لئے ایگزیکٹو ٹورز کا اہتمام کیاجا رہاہے۔
سکھ یاتریوں کے وفد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو روایتی چادر پہنائی۔ اس موقع پر سکھ یاتری درشن سنگھ نے کہا کہ جو مان سمان پنجاب میں ملا کوئی سوچ نہیں سکتا۔ پنجاب میں جو پیار او رخلوص ملا وہ فراموش نہیں کرسکتے۔سوچا بھی نہیں تھا کہ پنجاب حکومت اس قدر محبت دے گی،پنجاب آ کر اپنائیت کا احسا س ہوا۔
سکھ یاتریوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم نے ہمارا بہت خیال رکھا اور بہترین مہمان نوازی کی۔ گردواروں کی دیکھ بھال کے لئے وزیراعلیٰ محسن نقوی او ران کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ صوبائی وزراء اظفر علی ناصر،عامر میر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، سیکرٹریز سیاحت،اوقاف،اطلاعات،کمشنر لاہور ڈویژن،ڈی جی پی آر،ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔