(عابد چوہدری)گجر پورہ میں سرکاری سکول ٹیچر کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ، پولیس نے طلباء کو شامل تفتیش کرکے وجوہات سامنے لانے کے لیے تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کے مطابق عمران اسلم کو پرائیویٹ ٹیوشن سینٹر کی کلاس پڑھا کر واپس جاتے ہوئے قتل کیا گیا،موٹرسائیکل پر سوار انیس، بیس سال کے لڑکوں نے تعاقب کرکے نشانہ بنایا،مقتول چار بچوں کے باپ تھے ۔
ورثاء کا کہنا تھا کہ عمران اسلم کی کسی سے کوئی رنجش تھی نہ کبھی دھمکیاں موصول ہونے کا ذکر کیا ۔فائرنگ کرنے والوں نے وقوعہ سے پہلے کوئی بات چیت بھی نہیں کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے پاس زیر تعلیم طلباء کو بھی شامل تفتیش کیا جارہا ہے،حتمی وجوہات کا تعین تفتیش مکمل ہونے پر کیا جاسکے گا ۔